کونسل سے نااہل قرار دینا درست، عدالت کا فیصلہ
حیدرآباد۔17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ نے قانون ساز کونسل کی رکنیت سے نااہل قرار دیئے جانے کے خلاف بھوپتی ریڈی کی جانب سے دائر کردہ درخواست کو مسترد کردیا۔ عدالت نے صدرنشین قانون ساز کونسل کے فیصلہ کو دستور کے عین مطابق قرار دیا ۔ عدالت نے کہا کہ بھوپتی ریڈی کو رکنیت سے نااہل قرار دیتے ہوئے صدرنشین کا فیصلہ دستور کے عین مطابق ہے، لہذا اس سلسلہ میں کوئی احکامات جاری نہیں کئے جاسکتے۔ حالیہ انتخابات سے قبل گورنر کوٹہ کے تحت منتخب راملو نائک ، رنگا ریڈی مجالس مقامی کے ایم ایل سی یادو ریڈی اور نظام آباد ضلع کے بھوپتی ریڈی نے انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل نے ٹی آر ایس کی شکایت پر ارکان کونسل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رکنیت سے نااہل قرار دیا تھا ۔ تینوں ارکان نے اس فیصلہ کو عدالت میں چیلنج کیا۔ گزشتہ ہفتہ عدالت نے راملو نائک اور یادو ریڈی کی درخواستوں کو مسترد کردیا تھا اور آج بھوپتی ریڈی کی درخواست مسترد کردی گئی۔