کسی بھی ناگہانی واقعہ پر حکومت ذمہ دار ہوگی، چاڈا وینکٹ ریڈی کا انتباہ
حیدرآباد۔ 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی تائید میں نمس میں بھوک ہڑتال کرنے والے سابق رکن اسمبلی کے سامبا شیوارائو کی حالت دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے۔ نمس ہاسپٹل میں دیگر قائدین کے ساتھ سامبا شیوارائو کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے حکومت کے ہٹ دھرمی کے رویہ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے رویہ کے نتیجہ میں ملازمین کی اموات میں اضافہ ہوا ہے۔ چیف منسٹر کو عدلیہ کا احترام ملحوظ نہیں ہے جو باعث شرم ہے۔ عدالت کی جانب سے تنخواہوں کی ادائیگی اور مذاکرات کے سلسلہ میں دی گئی ہدایات کو نظرانداز کردیا گیا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی خودکشی کے واقعات پر بھی کے سی آر نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ اگر چیف منسٹر چاہیں تو چند گھنٹوں میں مسئلہ کی یکسوئی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر سی پی آئی قائد سامبا شیوارائو کو کچھ بھی ہوگا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ سامبا شیوارائو نے مخدوم بھون میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی، پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے نمس منتقل کردیا جہاں انہوں نے اپنی بھوک ہڑتال کو جاری رکھا اور دوائیں لینے سے انکار کردیا۔ پروفیسر کودنڈارام، صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا، پولٹ بیورو ممبر آر چندر شیکھر ریڈی، وی ہنمنت رائو اور دیگر قائدین نے سامبا شیوارائو کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سامبا شیوارائو کے بلڈپریشر، پلس ریٹ دن بہ دن گھٹتا جارہا ہے۔