حیدرآباد 12 فروری (سیاست نیوز) سابق وزیر شہری ہوا بازی و تلگودیشم لیڈر اشوک گجپتی راجو کے آبائی ضلع وجیانگرم کے بھوگاپورم میں انٹرنیشنل گرین فیلڈ ایرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 13 فروری کو چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو، بھوگاپورم انٹرنیشنل گرین فیلڈ ایرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ایرپورٹ کی تعمیر کیلئے چند ماہ سے تجسس تھا ۔ تعمیری کاموں کیلئے سابق میں طلب کردہ ٹنڈرس کو منسوخ کئے جانے کے باعث دوبارہ ٹنڈروں کی طلبی کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ ایرپورٹ کی تکمیل کے بعد انٹرنیشنل فلائٹس کا آغاز ہوگا۔ مسافروں کی آمد و رفت کے علاوہ کاکرگو سرویسس شروع ہونے کے پیش نظر ترکاریوں کی برآمدات و درآمدات کے مواقع فراہم ہوسکیں گے۔ علاوہ ازیں طیاروں کے پرزے تیار کرنے والی کمپنی کا یہیں قیام عمل میں لانے حکومت تجویز رکھتی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو ایرپورٹ کے علاوہ گورنمنٹ میڈیکل کالج کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ایرپورٹ کی تعمیر کے لئے جملہ 2725 ایکر اراضی درکار ہے اس میں 420 ایکر سرکاری اراضی کے علاوہ اسائینڈ اراضی 810 ایکر ایرپورٹ اتھاریٹی کے حوالہ کی جاچکی ہے۔ علاوہ ازیں کسانوں کے ذریعہ 1400 ایکر اراضی حاصل کی جارہی ہے جبکہ ایرپورٹ کا قیام عمل میں لانے کے باعث چار مواضعات کے عوام کی بازآبادکاری عمل میں لانے کی ضرورت ہوگی۔