بھٹنڈہ : ملک میں اس وقت فرقہ واریت کا جو ماحول ہے اس میں اُمید کی کرن بنتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا ثبوت ایک سکھ خاندان نے دیا ہے جہاں پنجاب کے بھٹنڈہ ڈسٹرکٹ میں ایک سکھ خاندان نے مسجد کی تعمیر کیلئے زمین کا عطیہ دیا ہے جبکہ جس علاقہ میں مسجد تعمیر کی جانے والی ہے وہاں کے دیگر ہندو اور سکھ خاندان بھی نقد رقومات کے ذریعہ اپنا تعاون پیش کریں گے ۔ حالانکہ بھکت گڑھ نامی گاؤں میں صرف 15 مسلمان آباد ہیں جنہیں نماز پڑھنے کیلئے دور دراز علاقوں میں جانا پڑتا ہے لیکن ان کے ہندو اور سکھ پڑوسی نہیں چاہتے کہ مسلمانوں کو نماز پڑھنے کیلئے دور دراز تک جانا پڑے ۔ امن دیپ سنگھ نامی سکھ نے 250 مربع گز زمین مسجد کیلئے عطیہ دی ہے ۔ مسجد کی تعمیر پر 12لاکھ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔