بھٹکل میں ایک ربیع الاول سے پندرہ ربیع الاول تک چلائی جائے گی سیرت مہم، انلائن تقریری مقابلوں کا بھی ہوگا انعقاد

   

 بھٹکل میں ایک ربیع الاول سے پندرہ ربیع الاول تک چلائی جائے گی سیرت مہم، انلائن تقریری مقابلوں کا بھی ہوگا انعقاد

بھٹکل: 3 اکتوبر، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کی جانب سے ربیع الاول مہینے کی مناسبت سے یکم ربیع الاول سے 15 ربیع الاول تک بھٹکل میں پندرہ روزہ سیرت مہم چلائی جائے گی جس میں سیرت کے تعلق سے مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی اور سیرت کے عنوان پر آن لائن تقریری مقابلہ منعقد ہوگا”۔ اس بات کی اطلاع مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے دی وہ جمعہ کی شب اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔

 انہوں نے اس پندرہ روزہ مہم کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ خلیفہ جماعت المسلمین کے شعبہ دعوت و اصلاح کے ماتحت ہونے والی اس مہم میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے مختلف گوشوں کو لوگوں کے سامنے لایا جائے گا اور خصوصی طور پر برادران وطن سے ملاقات کرکے ان کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اور خاص کر مختلف ناکوں پر سیرت کے متعلق بینر بھی لگائے جائیں گے۔ اس پروگرام کے کنوینر مولانا ارشاد صاحب نائیطے ندوی اور مولانا شافع صاحب شابندری مقرر کیے گئے ہیں۔

مولانا شافع صاحب نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ اس کام کو ربیع الاول میں اس لیے کیا جا رہا کہ اس مہینے میں نبی کریم ﷺ کی زندگی سے جڑے بہت سے اہم واقعات پیش آئے اور اس مہینے سے اسکی خاص مناسبت ہے، ورنہ سیرت نبوی ﷺ کے پیغام کو عام کرنا پوری زندگی ہمارا مشن ہونا چاہیے۔

اس مہم ایک اور کنوینر مولانا ارشاد نائطے ندوی آن لائن تقریری مقابلوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریری مقابلہ میں کنڈلور سے گیرسوپا تک کے طلبہ کے ساتھ ساتھ بھٹکل کے جو طلبہ اندرون ہند یا بیرون ہند کے مختلف شہروں میں مقیم ہیں وہ بھی حصہ لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے تین گروپ بنائے گئے ہیں جن میں ایک گروپ 18 سال تک کی عمر کے لئے ہے جو صرف کنڑا میں تقریری مقابلہ میں شریک ہوسکیں گے اس گروپ میں غیر مسلم نوجوان بھی حصہ لے سکتے ہیں۔

دیگر دو گروپس میں ایک سُفلیٰ گروپ ہے جس میں پانچ سے دس سال تک کی عمرکے بچے اور دوسرا علُیا  گروپ ہے جس میں گیارہ سے پندرہ سال تک کی عمر کے بچے حصہ لے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مساہم کو اپنی تقریر کی ویڈیو بناکر 12 ربیع الاول تک وہاٹس ایپ نمبر  7619304562 پر بھیجنا ہوگا۔ اس میں سُفلیٰ گروپ کے بچوں کے لئے تقریر کا دورانیہ تین سے چار منٹ ہوگا اور علیا گروپ کے لئے  چار سے پانچ منٹ ہوگا۔

اس تعلق سے مزید جانکاری حاصل کرنے کے لیے مولوی اسماعیل انجم گنگاولی سے 9886222122 پر یا جناب طلحہ سدی باپا سے 9901442543 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

YouTube video

اس اخباری کانفرنس میں مذکورہ حضرات کے علاوہ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے صدر جناب محتشم برنی جعفر، جنرل سکریٹری جناب سعدا میراں،  شعبہ دعوت و اصلاح  کے رکن جناب طلحہ سدی باپا سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(بھٹکلیس ڈاٹ کام کے شکریہ کے ساتھ)