بھٹکل: 15 مئی/ جنوبی ہند کی ریاست کرناٹکا سمیت کیرالا اور مہاراشٹر کے ساحل سے ٹکرانے والے طوفان نے تباہی مچا رکھی ہے, طوفان کی وجہ سے سمندر میں زبردست طغیانی نظر آ رہی ہے..
محکمۂ موسمیات نے اس طوفان کی پیشگی اطلاع دیتے ہوئے تیز ہواؤں اور زور دار بارش کی بھی پیشن گوئی کی تھی اور آج اس طوفان کا اثر بھٹکل میں کچھ زیادہ ہی دیکھنے ملا، مقامی میڈیا سے ملی اطلاعات کے مطابق چھوٹی کشتیاں ساحل سے اوپر لینے کے دوران ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے جس کی شناخت لکشمن ایرپا نائک(60) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ اترنے کی تاکید کی ہے۔بھٹکل و آس پاس کے علاقوں میں آج صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے, کئی علاقوں مطابق درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اور کئی گھروں کی چھتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
تینگنگنڈی ساحل پر اٹھنے والی موجیں ساحل پر پانی کو روکنے کے لیے ڈالی گئے پتھروں کو پار کررہی ہیں۔ بھٹکل بندر پر بھی پانی کی سطح معمول سے کچھ زیادہ ہی اونچی نظر آرہی ہیں۔ کشتیاں ایک دوسرے سے ٹکرارہی ہیں، صبح سے جاری اس طوفانی بارش اور تیز رفتار ہواؤں کا سلسلہ شام تک بھی جاری رہا۔
سوشیل میڈیا خاص کر وھاٹس اپ میں مختلف علاقوں کی ویڈیوز وائرل ہوگئی ہے جس سے اس طوفان سے ہونے والی تباہی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ضلع جنوبی کنیرا اور اڈپی میں بھی اس طوفان کا اثر صاف طور پر نظر آیا، ان علاقوں میں بھی گھروں کی چھتوں اور درختوں کے گرنے کی بھی خبریں ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کل اتوار اور پیر کو بھی طوفان کا اثر نظر آیا۔
(مقامی میڈیا فکروخبر کے شکریہ کے ساتھ)
