حیدرآباد15جون (یو این آئی) عوامی مسائل سے واقفیت، کے سی آر کی حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے اور کانگریس کو بنیادی سطح سے مستحکم کرنے تلنگانہ سی ایل پی لیڈر ملوبھٹی وکرامارکاکی یاترا کے 90دن مکمل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے نلگنڈہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں کے سی آر حکومت کے رویہ پر تنقید کی۔انہوں نے ریاست میں کانگریس کے برسراقتدار آنے پر فلاحی اسکیمات اور پروگراموں کی تفصیلات سے عوام کو واقف کروایا۔انہوں نے کہا کہ کسان جب اپنے مسائل حکومت کے علم میں لارہے ہیں تو ان کو ہراساں کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کسانوں کو ہتھکڑیاں پہناکر عدالت میں پیش کرنے پر کیا اور کہا کہ کیا کسان، دہشت گرد ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جس طرح ان کی یاترا پر عوام کاردعمل سامنے آرہا ہے اس سے محسوس ہوتا ہے کہ آئندہ 6ماہ میں ریاست میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے برسراقتدارآنے پر کسانوں کے یکمشت دو لاکھ روپئے تک قرضہ جات معاف کئے جائیں گے ۔ساتھ ہی ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ دیئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ راشن کارڈس پر چاول کے علاوہ 12قسم کی ضروری اشیا فراہم کی جائیں گی۔