بھٹی وکرامارکا اور سریدھر بابو کی پرینکا ریڈی کے پسماندگان سے ملاقات

   

کارروائی میں پولیس کی تاخیر کی شکایت، خاطیوں کو عبرتناک سزا کا مطالبہ
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور رکن اسمبلی سریدھر بابو نے آج ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے قتل کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ کانگریس قائدین نے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے حکومت پر دباؤ بنانے کا تیقن دیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ پرینکا ریڈی قتل نے سماج کا سر شرم سے جھکادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاطیوں کو ایسی سزا دی جائے کہ کوئی دوبارہ اس طرح کی حرکت کرنے کی ہمت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے شہر اور مضافاتی علاقوں میں پولیس کو رات کے اوقات میں زائد چوکسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی جانب سے شکایت کی صورت میں پولیس کو فوری چوکسی اختیار کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی اور عبرتناک سزا ضروری ہے۔ رکن اسمبلی سریدھر بابو نے کہا کہ نربھئے جیسے سخت قوانین کے باوجود خواتین کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ انہوں نے پرینکا ریڈی کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کو فرینڈلی پولیس کے محض دعوؤں کے بجائے اسے عملی شکل دینی چاہیئے۔ انہوں نے محکمہ پولیس میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جرائم کی روک تھام کے سلسلہ میں پولیس کو خصوصی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا ریڈی کے ارکان خاندان کے مطابق شکایت کے باوجود پولیس کی بروقت عدم کارروائی کے نتیجہ میں واقعہ رونما ہوا۔ گمشدگی کی شکایت کے ساتھ ہی اگر چوکسی اختیار کی جاتی تو شاید وٹرنری ڈاکٹر کو بچایا جاسکتا تھا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ اس واقعہ نے تلنگانہ ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے عوام کو مغموم کردیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ گمشدگی کی شکایت کیلئے پہنچنے والے افراد خاندان کے ساتھ پولیس کا غیر ذمہ دارانہ رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو رونما سے روکنے کیلئے حکومت کو قوانین میں ترمیم کرنی چاہیئے۔