بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ وار روم کا دورہ کیا

   

ویژن ڈاکیومنٹ کی تیاری کا جائزہ، ماہرین اور عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن ڈاکومنٹ تیاری سے متعلق وار روم کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکومنٹ کی تیاری کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے ویژن ڈاکیومنٹ کی تیاری میں مصروف عہدیداروں اور ماہرین سے بات چیت کی۔ حکومت نے دستاویز کی تیاری کے سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دی ہے جو توقع ہے کہ اندرون 2 یوم دستاویز کے مسودہ کو قطعیت دیدے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ ویژن ڈاکیومنٹ تلنگانہ کی ترقی کے لئے حکومت کی دیرپا حکمت عملی کا مظہر ثابت ہوگی اور یہ ڈاکیومنٹ ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے مثالی رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ 8 اور 9 ڈسمبر کو بھارت فیوچر سٹی میں گلوبل سمٹ کی تیاریاں جنگی خطوط پر جاری ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے مختلف کمیٹیوں کے صدورنشین اور ارکان کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے دستاویز میں شامل کئے جانے والے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنھوں نے انتظامات کے سلسلہ میں نگرانکار کمیٹیوں سے دعوت ناموں کی روانگی، مہمانوں کے قیام، فیوچر سٹی میں مندوبین کے لئے انفراسٹرکچر سہولتیں، ٹرانسپورٹ، مختلف ٹکنیکل سیشنس، کلچرل ایونٹس اور ڈیجیٹل میڈیا کمیونکیشن کمیٹی کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ بھٹی وکرامارکا نے ہر ایک ڈپارٹمنٹ کے اسٹال کا معائنہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔ بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں سے کہاکہ تیاریوں کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ حکومت نے قومی اور بین الاقوامی نامور شخصیتوں کو مدعو کیا ہے اور گلوبل سمٹ سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ 2047ء تک ریاست کی معیشت کو 3 ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ بھٹی وکرامارکا روزانہ کی اساس پر وار روم کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی پیر کو وار روم کا دورہ کرچکے ہیں۔1