بھٹی وکرامارکا کو بی جے پی صدر رام چندر راؤ کی لیگل نوٹس

   

حیدرآباد۔ 15 جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کو بی جے پی ریاستی صدر رام چندر راؤ نے لیگل نوٹس روانہ کیا۔ روہت ویمولا خودکشی معاملہ میں بھٹی وکرامارکا کی جانب سے کئے گئے ریمارکس پر بی جے پی صدر نے نوٹس جاری کی اور الزام عائد کیا کہ روہت ویمولا خودکشی معاملہ سے انہیں جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے دو دن قبل نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ روہت ویمولا خودکشی کے ذمہ دار افراد کو بی جے پی اہم عہدوں پر فائز کررہی ہے اور دلت و آدیواسی طبقات کا بی جے پی میں کوئی احترام نہیں ہے۔ رام چندر راؤ نے اس بیان میں ان کا تذکرہ کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے ہتک عزت کی نوٹس جاری کی ہے۔ انہوں نے بھٹی وکرامارکا سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیتے ہوئے ان سے معذرت خواہی کریں بصورتحال قانونی کارروائی کی جائے گی۔ رام چندر راؤ نے کہا کہ روہت ویمولا خودکشی معاملہ کی دریافت مکمل ہوچکی ہے اور عدالت میں یہ ثابت ہوچکا ہے کہ خودکشی کے لئے کوئی ذمہ دار نہیں ہے، باوجود اس کے اس طرح کی الزام تراشی مناسب نہیں۔ 1