بھٹی وکرامارکا کو سابقہ پرگتی بھون رہائش کیلئے الاٹ

   

حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کو رہائش کیلئے سابقہ پرگتی بھون الاٹ کیا ہے جس کا موجودہ نام جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون رکھا گیا۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے پرگتی بھون کو سرکاری رہائش گاہ کے طور پر دس برسوں تک استعمال کیا تھا اور پرگتی بھون میں داخلہ کیلئے کئی پابندیاں تھیں۔ ریونت ریڈی نے کانگریس برسراقتدار آتے ہی پرگتی بھون کو ’ پرجا بھون‘ میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا اور ہفتہ میں دو دن پرجا دربار کے ذریعہ عوامی مسائل کی سماعت کا فیصلہ کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے سابقہ پرگتی بھون میں قیام کے بجائے اپنی قیامگاہ کو ترجیح دی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کو پرجا بھون سرکاری رہائش کے طور پر الاٹ کیا گیا اور اس سلسلہ میں چیف سکریٹری شانتی کماری نے جی او آر ٹی1638 جاری کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بھٹی وکرامارکا جمعرات کو افراد خاندان کے ساتھ پرجا بھون میں داخل ہوں گے اور خصوصی پوجا کے بعد اس میں قیام کریں گے۔ ریونت ریڈی نے پرجا بھون کے روبرو موجود تمام رکاوٹوں کو ختم کردیا ہے۔ واضح رہے کہ پرگتی بھون میں تین علحدہ بلاکس ہیں ، ایک میں کے ٹی آر کی رہائش گاہ تھی جبکہ دوسرے میں میٹنگ ہال اور عہدیداروں کے دفاتر موجود تھے۔ تیسرا بلاک سابق چیف منسٹر کے سی آر کی رہائش گاہ تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بھٹی وکرامارکا کے سی آر کی قیامگاہ کو اختیار کریں گے۔ بھٹی وکرامارکا جمعرات کی صبح 8:20 بجے سکریٹریٹ میں وزارت کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔