بھٹی وکرامارکا کے پیوپلز مارچ پر کتاب کی رسم اجراء

   

مانک راؤ ٹھاکرے نے تلنگانہ میں کانگریس اقتدار کی پیش قیاسی کی

حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے نے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی جانب سے پیوپلز مارچ کی تفصیلات پر مشتمل کتاب کی رسم اجراء انجام دی۔ بھٹی وکرامارکا نے پیوپلز مارچ کے تحت110 دن تک ریاست کے مختلف اضلاع میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی تھی۔ رسم اجراء کے موقع پر اے آئی سی سی سکریٹریز سریدھر بابو، روہت چودھری، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، شرت کمار ایڈوکیٹ اور پریس اکیڈیمی آندھرا پردیش کے سابق صدر نشین ٹی سریندر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ بھٹی وکرامارکا نے پدیاترا کے ذریعہ عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی ہے۔ کے سی آر حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے میں پیوپلز پدیاترا نے اہم رول ادا کیا۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ دیہی سطح پر عوام باشعور ہوچکے ہیں اور تلنگانہ میں آئندہ اقتدار کانگریس کا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹی وکرامارکا نے اسمبلی اور اس کے باہر عوامی مسائل کو پوری شدت کے ساتھ پیش کیا ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ عادل آباد سے شروع ہوئے پیوپلز مارچ کانگریس سے عوام کو جوڑنے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بارے میں عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ سینئر صحافی ٹی سریندر نے یہ کتاب ترتیب دی ہے جس میں بھٹی وکرامارکا کی پدیاترا کی تفصیلات اور عوامی ردعمل کو شامل کیا گیا ہے۔ کانگریس کے سینئر قائدین نے کتاب کی رسم اجراء پر سی ایل پی لیڈر کو مبارکباد پیش کی۔