بعض انتخابی وعدوں کی شمولیت کا امکان، کونسل میں سریدھر بابو موازنہ پیش کریں گے
حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کل 20 مارچ کو اسمبلی میں ریاست کا بجٹ برائے سال 2026-27 پیش کریں گے۔ وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو کونسل میں بجٹ پیش کریں گے ۔ بجٹ کی رسمی منظوری کیلئے صبح 9.30 بجے کابینہ کا اجلاس اسمبلی کے کمیٹی ہال میں منعقد ہوگا جس کے بعد دونوں ایوانوں میں بجٹ پیش کیا جا ئے گا۔ بتایا گیا کہ حکومت نے جاریہ بجٹ میں 5 فیصد کا اضافہ کرکے 3.20 لاکھ کروڑ کے موازنہ کو قطعیت دی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ بجٹ میں بعض نئی اسکیمات کو شامل کیا جائیگا۔ الیکشن سے قبل حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان میں بعض وعدوں پر آئندہ بجٹ میں عمل کا امکان ہے۔ بجٹ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے علاوہ تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 پر مرکوز رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے 6 نئی اسکیمات کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جن میں کالج طالبات کو الیکٹرک اسکوٹر کی فراہمی شامل ہیں۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد حکومت کا یہ تیسرا بجٹ ہے ۔ اس میں عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کو ترجیح دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ خواتین ، کسانوں اور نوجوانوں کی بھلائی پر بجٹ میں خصوصی توجہ رہے گی۔1