بھٹی وکرمارکا نے گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام میں حصہ لیا

   

300 سے زائد درخواستیں وصول، کینسر کی مریضوں کیلئے فوری علاج کا انتظام ، محکمہ جات کے عہدیداروں سے ربط
حیدرآباد ۔21۔نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کانگریس ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں عوامی سماعت کے شیڈول کے تحت حصہ لیتے ہوئے آج عوام سے راست ملاقات کی۔ بھٹی وکرمارکا نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ تقریباً تین گھنٹوں تک عوام سے ملاقات کی اور ان کی تحریری درخواستوں کو قبول کیا۔ تقریباً 300 سے زائد افراد نے اپنے مسائل پیش کئے اور تحریری طور پر درخواستیں داخل کیں۔ جونیئر لکچررس کی جانب سے نمائندگی کی گئی کہ امتحانات کے انعقاد اور نتائج کی اجرائی کے باوجود ابھی تک پوسٹنگ نہیں دی گئی ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کریں گے ۔ ٹرانسکو اور جینکو میں ڈائرکٹر ، ڈپٹی ڈائرکٹر اور انجنیئرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے محکمہ برقی کے ملازمین کی جانب سے نمائندگی کی گئی ۔ بھٹی وکرمارکا نے کئی درخواست گزاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ عہدیداروں سے فون پر ربط قائم کیا اور ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ اندراماں انڈلو ، پنشن ، معذورین کا پنشن کے علاوہ دیگر سرکاری اسکیمات کے سلسلہ میں تحریری نمائندگیاں وصول کی گئیں۔ کانگریس کارکنوں نے نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے درخواست دی۔ کلیانی نامی خاتون نے کینسر کے علاج کے لئے حکومت کی جانب سے مالی تعاون کی اپیل کی جس پر ڈپٹی چیف منسٹر نے ان کی آفس سے رجوع ہوکر علاج کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے امداد حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہاسپٹل کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اخراجات کی ذمہ داری قبول کی جائے گی۔ نہرو زوالوجیکل پارک کے ملازمین نے اپنے مسائل کے سلسلہ میں یادداشت حوالے کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے تحت موجود محکمہ جات کے مسائل پر 28 درخواستیں موصول ہوئیں۔ چیف منسٹر آفس سے متعلق 199 ، ریونیو 41 ، سیول سپلائیز 9 ، ٹرانسپورٹ 4 ، ٹورازم 2 ، انڈومنٹ 8 ، جی ایچ ایم سی 6 اور محکمہ زراعت سے متعلق 8 درخواستیں داخل کی گئیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی سے متعلق 19 تحریری درخواستیں قبول کی گئیں۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ عوام اور حکومت کے درمیان راست رابطہ قائم کرنے کیلئے گاندھی بھون میں ہر ہفتہ عوامی سماعت پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ داخل کی گئی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنانے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ 1