بھٹی وکرمارکا کی بھوک ہڑتال ختم، پولیس نے جبراً نمس منتقل کردیا

   

Ferty9 Clinic

دوائیں لینے سے سی ایل پی لیڈر کا انکار، راہول گاندھی کے مشورہ پر بھوک ہڑتال ختم، جمہوری احتجاج جاری رکھنے اتم کمار ریڈی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 10۔جون (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال آج تیسرے دن ختم کردی گئی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں بھٹی وکرمارکا کی صحت بگڑ نے پر پولیس نے انہیں حراست میں لے کر نمس منتقل کردیا تھا ۔ بھٹی وکرمارکا نے نمس میں بھوک ہڑتال جاری رکھی اور ادویات لینے سے انکار کردیا۔ کانگریس کے کئی سینئر قائدین نمس پہنچے اور بھٹی وکرمارکا سے ملاقات کی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹریز انچارج تلنگانہ بوس راجو اور سلیم احمد نے اے آئی سی سی کو رپورٹ پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے بھٹی وکرمارکا کی بھوک ہڑتال ختم کرنے کا مشورہ دیا اور دیگر جمہوری طریقے اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے خلاف جدوجہد کرنے کی ہدایت دی۔ ہائی کمان کے مشورہ کے بعد صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو ، سلیم احمد اور دوسروں نے بھٹی وکرمارکا کو لیمو کا شربت پیش کرتے ہوئے بھوک ہڑتال ختم کردی۔ بعد میں ڈاکٹرس نے شوگر کی کمی اور دیگر کمزوری کا علاج شروع کیا ہے۔ بھوک ہڑتال کے اختتام کے موقع پر کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہرالدین ، رکن پارلیمنٹ کومٹ وینکٹ ریڈی ، سابق رکن راجیہ سبھا کے وی پی رام چندر راؤ ، تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام ، سکریٹری ریاستی سی پی آئی چاڈا وینکٹ ریڈی ، تلگو دیشم کے سینئر قائد آر چندر شیکھر ریڈی ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، سابق صدر پر دیش کانگریس پونالہ لکشمیا اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ کانگریس کے 12 ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں ضم کرنے کے خلاف بھٹی وکرمارکا نے دھرنا چوک پر غیر معائنہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا۔ اسپیکر کی جانب سے سی ایل پی کو ٹی آر ایس میں ضم کرنے کے اعلان پر بھوک ہڑتال کا آغاز کیا گیا۔ بھٹی وکرمارکا کی صحت دن بہ دن بگڑنے لگی اور آج صبح تقریباً 7 بجے ڈاکٹروں کے معائنہ کے بعد پولیس نے بھوک ہڑتال کیمپ پہنچ کر سی ایل پی لیڈر کو حراست میں لے لیا ۔ نمس منتقلی کے دوران پولیس اور کانگریسی کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور کارکنوں نے اپنے قائد کو ایمبولنس میں منتقل کرنے سے روکنے کی کوشش کی ۔ پولیس کی بھاری جمیعت نے بھٹی وکرمارکا کو نمس منتقل کردیا ۔ ان کے ہمراہ نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی اور دوسرے موجود تھے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ بی پی اور شوگر سطح کافی گر چکی ہے اور بھوک ہڑتال جاری رکھنے اپر ان کی صحت کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ بھوک ہڑتال کے اختتام کے بعد صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھٹی وکرمارکا نے اپنی صحت کی پرواہ کئے بغیر جمہوری جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایل پی کا انضمام غیر دستوری ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں کانگریس کے ارکان اسمبلی کو دھمکا کر خریدا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اسپیکر کے پاس کانگریس کی جانب سے پیش کردہ نمائندگیوں پر کارروائی کے بغیر غیر جمہوری انداز میں حکومت کے دباؤ میں اسپیکر نے فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت میں بگاڑ پر ہائی کمان نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کا مشورہ دیا ۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ سی ایل پی کے انضمام کے خلاف کل ہائی کورٹ میں سماعت مقرر ہے۔ ہائی کورٹ سے انصاف نہ ملنے کی صورت میں سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔