بھٹی وکرمارکا کی جوبلی ہلز میں انتخابی مہم ، رائے دہندوں سے ملاقات

   

بی آر ایس اور بی جے پی کی مہم کا شکار نہ ہونے اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل
حیدرآباد ۔ 6 ۔نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ وزیر ایکسائز جوپلی کرشنا راؤ اور مقامی قائدین کے ہمراہ بھٹی وکرمارکا نے مختلف علاقوں میں پد یاترا کرتے ہوئے دکانداروں اور راہگیروں سے ملاقات کی اور انہیں کانگریس حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر مشتمل پمفلٹ حوالے کیا۔ بھٹی وکرمارکا نے رائے دہندوں سے کانگریس کی تائید کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جوبلی ہلز کی ترقی اور عوام کی بھلائی صرف کانگریس سے ممکن ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران حکومت نے 400 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی جوبلی ہلز کی ترقی میں سنجیدہ ہے اور کانگریس پارٹی نے ایک نوجوان قائد نوین یادو کو امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوین یادو نہ صرف مقامی ہیں بلکہ گزشتہ کئی برسوں سے عوامی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس اور بی جے پی کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مذہبی بنیادوں پر ووٹ تقسیم کرنا چاہتی ہے تاکہ بی آر ایس کو فائدہ ہو۔ جوبلی ہلز میں بی آر ایس اور بی جے پی مفاہمت کے ساتھ انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ مخالف کانگریس مہم کا شکار نہ ہوں اور 11 نومبر کو متحدہ طور پر رائے دہی میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔1