حیدرآباد ۔23۔ جون (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکار کی پیپلز مارچ پد یاترا کے 100 دن مکمل ہوگئے۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر قائدین نے بھٹی وکرمارکا کو مبارکباد پیش کی اور یاترا کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ بھٹی وکرمارکا نے عادل آباد سے پیپلز مارچ پد یاترا کا آغاز کیا تھا۔ پد یاترا کے 100 دن کی تکمیل پر نکریکل اسمبلی حلقہ کے کوتے پلی منڈل میں پارٹی کارکنوں نے تقریب کا اہتمام کیا ۔ سابق وزیر آر دامودر ریڈی نے کیک کاٹا اور بھٹی وکرمارکا کو مبارکباد پیش کی ۔ سابق وزیر ایس چندر شیکھر نے بھٹی وکرمارکا سے ملاقات کی اور صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ کانگریس کے کئی سینئر قائدین نے بھٹی وکرمارکا سے کیمپ پہنچ کر ملاقات کی۔ سابق رکن اسمبلی وی وینکیا نے بھٹی وکرمارکا سے ملاقات کی ۔ پد یاترا کے کیمپ پہنچ کر ملاقات کرنے والوں میں پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری ست نارائنا ، کسان سیل کے ریاستی صدر انویش ریڈی ، صدر ضلع کانگریس سوریا پیٹ وینکنا ، ہنمکنڈہ کے ضلع کانگریس صدر این راجندر ریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔ اس موقع پر بھٹی وکرمارکا نے کانگریس کارکنوں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے پد یاترا کے دوران ان سے تعاون کیا ہے ۔ دو دن قبل اچانک طبیعت بگڑنے پر بھٹی وکرمارکا نے پد یاترا روک دی تھی۔ علاج کے بعد وہ دوبارہ پد یاترا پر روانہ ہوئے۔ اسی دوران سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی نے بھٹی وکرمارکا سے ملاقات کی اور کھمم میں جلسہ عام کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ر