دو ہائیڈل پاور پراجکٹس کے قیام میں دلچسپی، تلنگانہ کی برقی ضرورتوں کی تکمیل
حیدرآباد ۔30۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ہماچل پردیش کے ہائیڈل پاور پراجکٹس میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ حکومت ہماچل پردیش کی دعوت پر 22 ہائیڈرو الیکٹرک پراجکٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے سینئر عہدیداروں نے ہماچل پردیش کا دورہ کیا اور وہاں اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کی۔ تلنگانہ کی ٹیم نے 400 میگاواٹ کے سیلی ہپ اور 120 میگاواٹ کے میار ہپ پراجکٹ کے مقامات کا دورہ کیا۔ ہماچل پردیش حکومت نے بلٹ آپریٹ اینڈ ٹرانسفر کی اساس پر تلنگانہ حکومت کو پراجکٹ کی تکمیل کی دعوت دی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے پرنسپل سکریٹری اینرجی کے ہمراہ چیف منسٹر ہماچل پردیش سکھویندر سنگھ سکو سے ملاقات کی۔ اجلاس میں بھٹی وکرمارکا نے 400 میگا واٹ اور 120 میگا واٹ کے دونوں پراجکٹس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ہماچل پردیش حکومت سے خواہش کی کہ یادداشت مفاہمت کا مسودہ روانہ کیا جائے تاکہ دونوں حکومتوں کے درمیان ضروری قواعد کو قطعیت دی جاسکے۔ دونوں پراجکٹس سے حاصل ہونے والی برقی کو تلنگانہ میں استعمال کیا جائے گا۔ ہائیڈل پراجکٹس کی تکمیل کے ذریعہ تلنگانہ حکومت ریاست میں برقی سربراہی کو مستحکم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ برقی پیداوار میں اضافہ کے ذریعہ برقی طلب کی بڑھتی مانگ کو پورا کیا جائے گا۔1