بھٹی وکرمارکا 5 ستمبر تک سرکاری دواخانوں کا دورہ کریں گے

   

کورونا علاج کی سہولتوں کا جائزہ، صورتحال سے نمٹنے میں حکومت ناکام
حیدرآباد : تلنگانہ نے کورونا کے علاج کے سلسلہ میں سرکاری دواخانوں میں سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے 5 ستمبر تک اضلاع میں سرکاری دواخانوں کے دورہ کا آغاز کیا ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے آج بھدرا چلم اور ملک اسمبلی حلقوں میں سرکاری دواخانوں کا معائنہ کرتے ہوئے اپنے دورہ کا آغاز کیا ہے۔ 27 اگست کو کریم نگر، پدا پلی ، منچریال ، 28 اگست کو کمرم بھیم ، عادل آباد ، 29 اگست کو نرمل ، نظام آباد ، جگتیال ، 30 اگست کو سرسلہ ، کاما ریڈی ، میدک اور 31 اگست کو سنگا ریڈی کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے ضلع کانگریس کمیٹیوں اور ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کے بارے میں واقف کرائیں تاکہ حکومت سے نمائندگی کی جاسکے۔ بھٹی وکرمارکا کے ہمراہ ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین موجود رہیں گے۔ دورہ کے دوسرے مرحلہ میں یکم ستمبر کو محبوب نگر ، گدوال ، ونپرتی ، 2 ستمبر کو ناگرکرنول ، نلگنڈہ ۔ 3 ستمبر سوریا پیٹ ورنگل ۔ 4 ستمبر جنگاؤں ، یادادری ، میڑچل اور 5 ستمبر کو حیدرآباد کے سرکاری دواخانوں کا دورہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کورونا وباء سے نمٹنے میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر کورونا کے علاج کی سہولتیں دستیاب نہیں جس کے نتیجہ میں غریبوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔