بھگت اور جوشی کی فضا دبئی پیرا بیڈمنٹن کے فائنل میں رسائی

   

دبئی: پیرا اولمپک میں ہندوستان کے لئے طلائی تمغہ جیتنے والے پرمود بھگت اور موجودہ عالمی چمپئن مانسی جوشی سمیت نو ہندوستانی پیرا بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے ہفتہ کو یہاں ہوئے سیمی فائنل مقابلوں میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر چوتھے فضا دبئی پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل 2022 کے فائنل میں جگہ بنائی۔ حال ہی میں بحرین 2022 انٹرنیشنل میں دو گولڈ میڈل جیتنے والے بھگت نے مردوں کے سنگلزایس ایل3 میں جاپان کے ڈائیسکے فوجیہارا کو شکست دی۔ بھگت نے 1 گھنٹہ 16 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 14-21، 21-14، 21-18 سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے بعد بھگت نے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ کھیل اتنا طویل چلے گا۔ میں کھیل کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن وہ تھکے ہوئے نظر آنے کے باوجود ہارنہیں مان رہے تھے۔
مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے تیسرے گیم میں 18-18 کے بعد ہار مان لی تھی۔ بھگت کا فائنل میں اپنے ہم وطن نتیش کمار سے مقابلہ ہوگا۔ کمار نے سیمی فائنل میں پیرا اولمپک برونزمیڈلسٹ منوج سرکار کو 21-17، 21-16 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔ مردوں کے سنگلز ایس ایل 4 میں، ترون ڈھلون اور انڈونیشیا کے فریڈی سیتیاوان فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے ۔ سیمی فائنل میں رِکرڈ نلسن کو 21-15، 21-17کے سیدھے سیٹوں میں ہرانے والے ڈھلون نے کہا کہ میں کھیل کے لئے پرجوش ہوں۔ ٹوکیو میں، میں سیمی فائنل میں ان سے (سیتیاوان سے) ہار گیا تھا، اس لیے یہ میرے لیے ایک ریونج میچ کی طرح ہوگا۔ وہ ایشیا میں میرے سب سے بڑے حریف ہیں، اس لیے ایشین پیرا گیمزکے لئے یہ ایک اچھا مظاہرہ ہوگا۔ اس کے علاوہ، سیتیاوان دو اور فائنل کھیلیں گے ، جس میں مکسڈ ڈبلزایس ایل3- ایس یو-5 خلیماتوس سعدیہ کے ساتھ اور مردوں کے ڈبلزایس ایل3-ایس ایل4 دیوکو کے ساتھ شامل ہیں۔ ہندوستان کی طرح انڈونیشیا نے بھی آٹھ فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے ۔