بھگت سنگھ کے مجسمہ کی گلپوشی

   

شری گنگا نگر، 28 ستمبر (یو این آئی) راجستھان کے شری گنگانگر میں بھگت سنگھ کی جینتی کے موقع پر مارکسسٹ کمیونسٹ پارٹی اور اس کی معاون تنظیموں نے اتوار کے روز مقامی رویندر پتھ پر واقع بھگت سنگھ چوک میں بھگت سنگھ کے مجسمے پر گل پوشی کی اور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں مارکسسٹ کمیونسٹ پارٹی اور اس کی تنظیموں کے کئی سینئر رہنماؤں اور عہدیداروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جن میں شہید بھگت سنگھ کے اصولوں اور ان کے انقلابی خیالات کو ہر فرد تک پہنچانے کا عزم کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا کھیت اور دیہی مزدور یونین کی نو منتخب ریاستی صدر درگا سوامی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں بھگت سنگھ کے خیالات کو کمزور کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں، لیکن مارکسسٹ کمیونسٹ پارٹی اور اس کی تنظیمیں ان کے خیالات کو نئی طاقت اور توانائی دینے کے لیے پرعزم ہیں۔