کرور، 29 ستمبر (آئی اے این ایس) تمل ناڈو کے کرور میں سیاسی جماعت ٹی وی کے لیڈر اور اداکارو سیاستدان وجے کی انتخابی ریلی میں پیش آنے والی بھگدڑ کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پیرکے روز شہر کے مختلف مقامات پر وجے کی گرفتاری کے مطالبے والے پوسٹرز نظر آئے، جنہیں تمل ناڈو اسٹوڈنٹس یونین سے منسوب کیا گیا۔ تاہم چندگھنٹوں میں یہ پوسٹرز نامعلوم افراد نے پھاڑ دیے۔ ہفتہ کی رات پیش آنے والے حادثے میں41 افراد ہلاک اور60 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ جاں بحق افراد میں دو سالہ بچہ، ایک ماں اور اس کی دو بیٹیاں، اور ایک منگنی شدہ جوڑا شامل ہیں۔ دو زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ وجے نے متاثرہ خاندانوں کے لیے 20 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا، لیکن تاحال لواحقین سے ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اسے ’’سیاسی سازش‘‘ قرار دیتے ہوئے سی بی آئی یا آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے فوری طور پرکرورکا دورہ کیا اور ہسپتال میں متاثرین کی عیادت کی۔ انہوں نے عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اپوزیشن نے حکومت پر ناقص ہجوم کنٹرول کے انتظامات کا الزام لگایا، جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی غم کا اظہار کرتے ہوئے معاوضے کا اعلان کیا۔پوسٹرز اور ان کو فوری ہٹایا جانا بڑھتی ہوئی عوامی ناراضی اور سیاسی کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔