چینائی، 19 اکتوبر (یو این آئی) تملگا ویتری کسگم (ٹی وی کے ) کے سربراہ تھلاپتی وجے کی کرور ریلی کے دوران بھگدڑ میں ہلاک ہونے والے 41 افراد کے لواحقین کو 20-20 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے ۔یہ رقم ہفتہ کے روز دیوالی تہوار سے قبل مرنے والوں کے اہلِ خانہ کے بینک کھاتوں میں براہِ راست منتقل کر دی گئی۔ٹی وی کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی نے 39 خاندانوںکو 20-20 لاکھ روپے منتقل کیے ہیں، جبکہ باقی خاندانوں کی ادائیگی بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات میں تضادات کی وجہ سے زیرِ التواء ہے ۔اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے متاثرہ خاندانوںکو 10-10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا اور بعد میں چیکس تقسیم کیے گئے تھے ۔ کانگریس نے ہر خاندان کو 2.5 لاکھ روپے دیے ، جبکہ وِدُتھَلَی چِرُتھَیگَل کَچّی (وی سی کے ) کے رکنِ پارلیمان تھول تھِرُوماوَلَوَن نے ہر خاندان کو 50-50 ہزار روپے دیے ۔ کمل ہاسن کی مَکّل نِدھی مَیَم پارٹی نے بھی ہر خاندان کو ایک ایک لاکھ روپے کی امداد فراہم کی۔ٹی وی کے نے بھگدڑ متاثرین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے کارکنان اور حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سال دیوالی کا تہوار نہ منائیں۔ ٹی وی کے کے جنرل سکریٹری بسی این آنند کے ایک بیان میں کہا گیا ہے ”کرور میں غیرحادثے کی وجہ سے اپنے پیاروں کو کھونے والے کنبوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ، ہم درخواست کرتے ہیں کہ پارٹی سے وابستہ کوئی بھی شخص اس سال دیوالی نہ منائے ۔”