بھگوان کی تصاویر کے پیچھے سے گانجہ کی فروختگی پر کارروائی

   

دھول پیٹ میں محکمہ اکسائز و پولیس دھاوے کے دوران حیرت انگیز انکشاف
حیدرآباد ۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں میں اکسائز اور پولیس کو ہر دن ایک نئے تجربہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گانجہ اور منشیات کو منتقل کرنے والے افراد ہر دن کسی نہ کسی نئے طریقہ کو اپناتے ہیں اور پولیس سے بچنے میں کوئی کامیاب ہوتا ہے تو اکثر گرفتار کرلئے جاتے ہیں لیکن آج کی گئی ایک کارروائی کے بعد اکسائز پولیس خود حیران رہ گئی۔ خفیہ اطلاع پر دھول پیٹ کے ایک مکان پر دھاوا کیا گیا لیکن مکان میں کونے کونے کی تلاش کے باوجود پولیس کو کچھ ہاتھ نہیں لگا۔ روہن سنگھ کے مکان پہنچی اکسائز پولیس اس وقت حیرت کا شکار ہوگئی جب پولیس نے دیکھا کہ روہن سنگھ بھگوان تصاویر فریم کے پیچھے گانجہ چھپا رکھا ہے اور گراہکوں میں فروخت کررہا ہے۔ روہن سنگھ کے مکان میں بھگوان مورتیوں کی تصاویر اور بڑے بڑے فریمس موجود ہیں۔ پولیس کو جب شبہ ہوا تو سارے فریمس کی جانچ کی گئی اور تقریباً 10 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا گیا۔ اکسائز پولیس کے مطابق اوڈیشہ سے گانجہ حیدرآباد منتقل کرنے کے بعد روہن سنگھ زائد قیمت میں فروخت کررہا تھا۔ اکسائز پولیس نے بتایا کہ روہن سنگھ کے زیادہ تر گراہک گچی باؤلی میں پائے جاتے ہیں۔ اکسائز پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع