بھگوا جھنڈے پر ہنگامہ، کرناٹک اسمبلی کی کارروائی ملتوی

,

   

وزیر کی برطرفی کا مطالبہ ،کانگریس ارکان کا رات بھر اسمبلی میں قیام
بنگلورو :کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن پارٹی کے اراکین نے آر ڈی پی آر کے وزیر کے ایس ایشورپا کے اس مبینہ بیان پر کہ ‘مستقبل میں لال قلعہ پر بھگوا جھنڈا لہرایا جا سکتا ہے ’ کارروائی کی مانگ کی اور ایوان میں ہنگامہ ہوگیا۔ ہنگامہ اور شور شرابے کے باعث ایوان کی کارروائی جمعرات کو دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ مسٹر ایشورپا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگلے 400 سالوں میں لال قلعہ پر بھگوا جھنڈالہرایا جا سکتا ہے لیکن ابھی ترنگے کا احترام کیا جانا چاہیے ۔ اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر سدارمیا نے ترنگے پر متنازعہ بیان دینے کے لئے ایشورپا کو برطرف کرنے اور ان کے خلاف ملک سے بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔کانگریس ارکان نے اس مسئلہ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے دن اور رات احتجاج کرنے اور اسمبلی میں ہی رات گزارنے کا فیصلہ کیا ۔ اسپیکر اور بی جے پی قائد یدی یورپا نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے ۔