نئی دہلی/پنجاب: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں دو بار کے سنگرور کے ایم پی بھگونت مان کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے چہرے کے طور پر مقابلہ میں اترے گی۔ اروند کجریوال نے منگل کو موہالی کلب میں یہ اعلان کیا۔ اس طرح عآپ ریاست کی پہلی پارٹی بن گئی ہے جس نے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورا پنجاب عام آدمی پارٹی کی طرف امید کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے ۔ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور مجھے یقین ہے کہ بھگونت مان ہر پنجابی کے چہرے پر مسکراہٹ لائیں گے ۔ اگر میں خود بھگونت مان کو پارٹی کا سی ایم چہرہ بناتا تو لوگ کہتے کہ دوسری پارٹیوں کی طرح کجریوال بھی اقربا پروری میں ملوث ہیں۔ اسی لیے ہم نے فون نمبر جاری کیا اور پنجاب کے تین کروڑ لوگوں سے پوچھا کہ آپ بتائیں پنجاب کا وزیراعلیٰ کاچہرہ کون ہونا چاہیے ؟ جن میں سے 93.3 فیصد لوگوں نے بھگونت مان کا نام ’عآپ‘ کے سی ایم چہرے کے طور پر لیا۔
