بھیمگل میں اردو میڈیم اسکول میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ

   


ضلع کلکٹر کا دورہ طلبہ سے بات چیت، معیاری تعمیری کام انجام دینے عہدیداروں کو ہدایت

نظام آباد:5 ؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے آج ہمارا گائوں ۔ ہمارا اسکول پروگرام کے تحت بھیمگل میں واقع اُردو میڈیم اسکول کامعائنہ کیا اور پلی کنڈہ میں ضلع پریشد بوائز ہائی اسکول پہنچ کر بھی کاموں کا جائزہ لیا ۔ ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے آج اُردو میڈیم اسکول پہنچ کر ہمارا گائوں ۔ ہمارا اسکول کے تحت انجام دئیے جانے والے کاموں کا جائزہ لیا اور اُردو میڈیم اسکول میں طلباء کیلئے پکوان کئے ہوئے دوپہر کے کھانے کا بھی جائزہ لیتے ہوئے طلباء سے بات چیت کی بہتر کھانا فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے انجینئرنگ عہدیداروں سے دریافت کیا کہ کاموں میں تیزی پیدا کریں اور جنگی خطوط پر کاموں کو انجام دیں بیت الخلاء اور آہکپاشی ، کچن شیڈ ، فیان کی تنصیب ،لائٹس کی تنصیب و دیگر کاموں کا تفصیلی طور پرجائزہ لیتے ہوئے اسکول کے احاطہ میں پانی ٹھہر نہ پائے اس طرح کے اقدامات کریں ۔ ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے کہا کہ معیاری کاموں کو انجام دیں ۔ کاموں کی انجام دہی میں کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتیں کیونکہ اسکول طلباء سے جڑا ہوا ہے لہذا ذاتی مکان کی طرح معیاری کام انجام دیں ۔ اسکول میں واقع خالی جگہوں پر منصوبہ بند طریقہ سے کاموں کو انجام دیں ۔ ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے نیاک سنٹر کا بھی جائزہ لیتے ہوئے طلباء و طالبات کو دئیے جانے والی تربیت کے بارے میں دریافت کیا ۔ طالبات کو تربیت کے بعد روزگار کی فراہمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی دریافت کیا اور تربیت کے بعد روزگار سے جوڑنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ کلکٹر کے ہمراہ تحصیلدار راجیشور و دیگر موجود تھے ۔