بھیم آرمی تلنگانہ یونٹ کا ’ جیل بھرو ‘ ایجی ٹیشن

   

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بھیم آرمی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ کے ارکان نے 26 جنوری کو حیدرآباد میں ملے پلی میں ایک مکان سے چندر شیکھر آزاد کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیے جانے کے پیش نظر آج سے ’ جیل بھرو ‘ ایجی ٹیشن شروع کیا ۔ بھیم آرمی نے کہا کہ یہ ایجی ٹیشن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر داخلہ محمود علی کی جانب سے بھیم آرمی سربراہ سے انہیں 10 گھنٹوں تک غیر قانونی حراست میں رکھنے پر معذرت خواہی کرنے تک جاری رہے گا ۔ آج یہاں ٹینک بنڈ پر مجسمہ امبیڈکر کے قریب کیے گئے احتجاج کے دوران بھیم آرمی تلنگانہ یونٹ کے تقریبا 60 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ جس میں سدو راون ، راج ، ملیش ، غوث ، رحمن ، ونئے اور دوسروں کو گرفتار کر کے انہیں نارائن گوڑہ اور رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشنس منتقل کیا گیا ۔۔