نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے بھیم آرمی کے سربراہ چندرشیکھر آزاد کو 25 دن بعد ضمانت دیدی جنہیں 20 ڈسمبر کو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران عوام کو اکسانے کے الزام میں جامع مسجد کے قریب گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج کامنی لاؤ نے آج ضمانت منظور کرتے ہوئے چندرشیکھر پر کچھ شرائط بھی عائد کی ہیں۔ چندرشیکھر آزاد کی تنظیم بھیم آرمی نے پولیس کی اجازت کے بغیر 20 ڈسمبر کو جامع مسجد تا جنترمنتر احتجاجی ریالی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر دیگر 15 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جن کو 9 جنوری کو ضمانت مل گئی تھی۔ انہیں چار ہفتوں کیلئے دہلی چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔