بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد کی رکن کونسل کویتا سے ملاقات

   

حیدرآباد: 27 جولائی (سیاست نیوز) بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر آزاد نے آج بی آر ایس رکن کونسل کویتا سے ملاقات کی۔ چندر شیکھر آزاد نے کویتا کے ساتھ ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے اور شہیدان تلنگانہ کی یادگار کا دورہ کرکے خراج پیش کیا۔ چندر شیکھر آزاد نے کے سی آر کی حکمرانی کو مثالی قرار دیا اور کمزور طبقات کی ترقی کے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے نو تعمیر شدہ سکریٹریٹ کا معائنہ کیا اور اسے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کرنے کی ستائش کی۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ عوام پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو ڈاکٹر امبیڈکر سے موسوم کرنے اور مجسمہ کی تنصیب پرچندر شیکھر آزاد کی مہم کے ساتھ ہیں۔ دو روزہ دورہ پر بھیم آرمی سربراہ نے کویتا سے خیرسگالی ملاقات کی اور تقریباً ایک گھنٹہ قومی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔تلنگانہ میں دلت اور دیگر پسماندہ طبقات کی بھلائی کیلئے کے سی آر حکومت کے اقدامات بالخصوص دلت بندھو اسکیم کی چندر شیکھر آزاد نے ستائش کی۔ کویتا نے دو روزہ دورہ کی دعوت قبول کرنے پر ان سے اظہار تشکر کیا۔ آزاد نے کہا کہ نئی پارلیمنٹ کے احاطہ میں امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے جدوجہد کی جارہی ہے۔ انہوں نے بی آر ایس کو قومی جماعت میں تبدیل کرنے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے منی پور کے واقعات کو ملک کیلئے بدنما داغ قرار دیا اور مرکز سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔ وہ حیدرآباد میں قیام کے دوران چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کریں گے۔