بھیم آرمی ۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے اتحاد کا امکان

   

Ferty9 Clinic

لکھنؤ2مارچ(سیاست ڈاٹ کام ) بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد نے پیر کو سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی(ایس بی ایس پی)سربراہ اوم پرکاش راج بھر سے ملاقات کی۔دونوں لیڈروں کی ملاقات کے بعد سے قیاس لگائے جارہے ہیں کہ دونوں 2022 کے اسمبلی انتخابات میں ایک ساتھ انتخابی میدان میں اترسکتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق دونوں نے ‘بھاگیداری سنکلپ مورچہ’ بنا کر 2022 کے اسمبلی انتخابات ایک ساتھ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ایس بی ایس پی سربراہ اوم پرکاش راج بھر نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ‘بی جے پی ہم دونوں کی ہی دشمن ہے اور ہم دونوں دلت او بی سی اور اقلیتوں کو آنے والے 2022 کے اسمبلی انتخابات میں اس مورچہ کے بینر تلے یکجا کریں گے ’۔مسٹر راج بھر نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی ملک میں امن نہیں چاہتی ہے ۔بی جے پی اپنے ووٹ بینک سیاست کی وجہ سے عوام کو ایک دوسرے سے لڑانا چاہتی ہے ۔ہم محروم طبقات کی لڑائی لڑنے کے لئے تیار ہیں علاوہ ازیں میں بھیم آرمی کے خلاف ہونے والی زیادتیوں کا معاملہ ریاستی اسمبلی میں اٹھاؤں گا۔دونوں لیڈروں کے درمیان وی آئی پی گیسٹ ہاوس میں تقریبا ایک گھنٹے تک میٹنگ چلی۔بھیم آرمی چیف نے پہلے ہی 15 مارچ تک نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ہے ۔اس سے قبل گھنٹہ گھر پر چلنے والے شہریت(ترمیمی)مخالف احتجاج میں شرکت کرنے سے روک دیا گیا تھا۔