ضلع کلکٹر اور ایس پی کو قومی انسانی حقوق کمیشن کی ہدایت
حیدرآباد۔/4 مارچ، ( سیاست نیوز) نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن این ایچ آر سی نے منگل کے دن بھینسہ کے ضلع نرمل کے ایس پی اور ضلع کلکٹر کو حالیہ تشدد واقعہ پر اندرون 8 ہفتے کارروائی کی ہدایت دی۔ حالیہ چند ایام قبل جنوری کے ابتدائی دنوں میں فرقہ وارانہ فسادات برپا ہوئے تھے جس کے خلاف بھینسہ کے وکیل کرونا ساگر نے شکایت کی تھی۔ اس شکایت میں انہوں نے بتایا تھا کہ بھینسہ میں ہوئے فسادات میں دلت ہندوؤں کے املاک کو نقصان پہنچایا گیاہے۔ اس موقع پر ضلع انتظامیہ اور پولیس اپنی مناسب کارروائی انجام دینے سے قاصر رہی۔ قومی انسانی حقوق کمیشن نے کرونا ساگر کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کرکے کہا کہ بھینسہ میں دلتوں کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ 12 جنوری کو ہوئے واقعہ کی تفصیلات پر غور و فکر کرنے کے بعد یہ ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ کرونا ساگر نے اپنی شکایت میں کمیشن سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ ہندو خاندانوں کو ان کے گھروں کی مرمت اور تعمیر کیلئے معاوضہ حکومت اور متعلقہ حکام کو دینے کی ہدایت دیں اور متاثرہ افراد کو تحفظ فراہم کریں۔ انہوں نے 15 جنوری کو اپنی شکایتی درخواست حکومت ، چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کے حوالے سے ہیومن رائٹس کمیشن کو دی۔