بھینسہ ۔26 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گذشتہ شام ضلع نرمل کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں امرت 2.0 اسکیم کے تحت ماسٹر پلان پر عمل آوری سے متعلق منعقدہ پہلی مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینو آئی اے ایس نے عہدیداروں کو بھینسہ میونسپلٹی کی ترقی کے لئے تیار کئے گئے ماسٹر پلان پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ ماسٹر پلان بھینسہ میونسپلٹی کی جامع ترقی کے لیے اہم ہوگا انہوں نے کہا کہ سروے آف انڈیا کے زیر اہتمام ڈرون سروے اور سماجی و اقتصادی سروے پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے انہوں نے مختلف محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 15 دنوں کے اندر اپنے محکموں سے متعلق تفصیلات (ڈیٹا) جمع کرائیں انہوں نے تجویز دی کہ بھینسہ میونسپلٹی میں اب تک کئے گئے ترقیاتی کاموں، مستقبل کے منصوبوں اور ضروری بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو جامع انداز میں فراہم کیا جائے ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینو نے کہا کہ ماسٹر پلان کے نفاذ سے بھینسہ میں بنیادی سہولیات جیسے صفائی ، پینے کا پانی ، نکاسی آب ، سڑکیں ، بجلی وغیرہ میں بہتری آئے گی اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر لوکل باڈیز و بھینسہ میونسپلٹی اسپیشل آفیسر فیضان احمد آئی اے ایس ، بھینسہ سب کلکٹر اجمیرا سنکیت کمار آئی اے ایس ، جی آئی ایس ہب ڈی ٹی سی پی پروجیکٹ ڈائرکٹر اشونی یادو ، ڈی ٹی سی پی او ورنگل آر ڈی جیوتی ، بھینسہ بلدیہ کمشنر راجیش کمار ، بھینسہ بلدیہ ٹاون پلاننگ آفیسر انورادھا کے علاوہ دیگر عہدیداران اور عملہ شریک تھا۔