بھینسہ میں آج رام نومی جلوس کی مشروط اجازت

   

پولیس کا فلیگ مارچ، برقراری امن کیلئے ہر ممکنہ اقدامات: ایڈیشنل ایس پی

بھینسہ : تہواروں کے پیش نظر عوام میں اعتماد کی بحالی کے لئے بھینسہ ایڈیشنل ایس پی کرن کھرے ( آئی پی ایس )کی قیادت میں پولیس فلیگ مارچ کیا گیا جو بھینسہ کے مختلف اہم اور حساس علاقوں میںگشت کرتا دیکھا گیا۔ اس دوران پنجہ شاہ سہ راہا پر ایڈیشنل ایس پی مسٹر کرن کھرے نے پْرہجوم پریس کانفرنس کے دوران بھینسہ ڈیویژن کے اکثریتی طبقے کو رام نومی کی مبارکباد پیش کی اور کہا اتوار کو رام نومی جلوس کے لئیتلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے اجازت فراہم کی گئی ہے لیکن اس کے لئے کچھ شرائط رکھی گئی ہیں جن میں جلوس گذرنے کے راستے، صبح نو سے دوپہر ایک بجے تک جلوس کا اختتام کرنا ، حالیہ فرقہ وارانہ تشدد میں ملوث مجرمین جو جیل جاکر آئے ہیں انھیں جلوس میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہے، خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی ہوگی اور ہائی کورٹ کی جانب سے دُرگا جلوس ، گنیش جلوس اور رام نومی جلوس میں ڈی جے ساونڈ کی ہرگز اجازت نہیں رہے گی۔ ڈی جے کے استعمال پر پولیس کی جانب مقدمہ درج کرنے کا انتباہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے جلوس میں صرف سات سو وولٹس کے دو باکس کی اجازت ہوگی ان تمام شرائط پر عمل کرتے ہوئے رام نومی جلوس کو پْرامن ماحول میں گذارا جائے اور شہر میں دونوں طبقات کی عوام تہواروں بالخصوص رمضان اور رام نومی جلوس کو آپسی اتحاد و گنگا جمنٰی تہذیب کے ماحول میں ملکر ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے منائیں اور پولیس کا مکمل تعاون کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ بھینسہ میں بندوبست کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس بٹالین ،اسپیشل پولیس ٹیمیوں کے علاوہ دیگر مقامات سے طلب کردہ پولیس فورس کے بشمول جملہ تین سو پولیس جوانوں کو حساس اور مذہبی مقامات پر پیکٹس، پولیس پٹرولنگ ، رات کے اوقات میں گاڑیوں کی تنقیح اور رام نومی جلوس گذرنے والے راستوں پر متعین کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑنے پر نرمل اور نظام آباد سے مزید پولیس فورس کو طلب کیا جائے گا کیونکہ بھینسہ میں امن و امان اور سلامتی کیلئے پولیس ہر ممکنہ اقدامات کرتے ہوئے متحرک ہے۔ اس فلیگ مارچ میں ٹاؤن سرکل انسپکٹر پراوین کمار اور سب انسپکٹران ایم اے ملک ، وکرم ، ہنمنلو ، درشن سرینواس ، شیوا ، محمد سراج کے علاوہ تقریبا دیڑہ سو پولیس جوان اور وجراگاڑی شامل تھی۔