بھینسہ میں امن و امان کی بحالی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت

   

کلکٹر اور ایس پی سے صدرنشین اقلیتی کمیشن قمرالدین کا ربط
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے بھینسہ کے کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس سے ربط قائم کرتے ہوئے صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے تشدد کے واقعات پر قابو پانے اور امن و امان کی برقرار کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت دی۔ کلکٹر پرشانتی اور ایس پی ششی دھر راجو نے صدرنشین اقلیتی کمیشن کو بتایا کہ بھینسہ میں صورتحال قابو میں ہے اور کل رات سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ پولیس نے صورتحال میں بہتری کے سبب رات کا کرفیو ختم کردیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ عوام میں اعتماد بحال کرنے کیلئے سماج کی نمائندہ شخصیتوں سے مدد حاصل کی جارہی ہے ۔ حساس علاقوں میں پولیس کی گشت بڑھادی گئی اور زائد فورسس کو تعینات کیا گیا ہے۔ تشدد میں ملوث اشرار کی ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعہ شنا خت کی جارہی ہے ۔ ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے کلکٹر اور ایس پی کو مشورہ دیا کہ وہ امن کمیٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے دونوں طبقات سے امن کی اپیل کرے۔ انہوں نے خاطیوں کے خلاف کارر وائی اور افواہوں پر قابو پانے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اقلیتی کمیشن کی ٹیم بھینسہ روانہ کی جائے گی تاکہ جانی اور مالی نقصانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن و امان کی برقراری میں حکام سے تعاون کریں۔ محمد قمرالدین نے کہا کہ کمیشن کی ٹیم کے دورہ کے بعد متاثرین کو امداد کے سلسلہ میں حکومت سے سفارش کی جائے گی ۔