بھینسہ میں ایک ہی دن محرم جلوس اور گنیش وسرجن

   

Ferty9 Clinic

پولیس کے وسیع تر بندوست ، حالات پر کڑی نظر ، طلایہ گردی میں شدت

حیدرآباد۔ /4 ستمبر ( سیاست نیوز ) بھینسہ شہر میں گنیش و سرجن جلوس اور یوم عاشورہ ایک ہی روز 10 ستمبر بروز منگل کو منعقد ہے ۔ بھینسہ میں 2 ستمبر بروز پیر کو گنیش کی مورتیاں بٹھائی گئی اور 9 روزہ اتسو مناتے ہوئے بروز منگل 10 ستمبر کو وسرجن عمل میں لایا جائے گا ۔ گنیش تہوار اور یوم عاشورہ کے پیش نظر محکمہ پولیس کی جانب سے شہر کے حالات پر کڑی نظر رکھتے ہوئے وسیع تر پولیس بندوبست کیا جارہا ہے ۔ اس ضمن میں آج ایڈیشنل ایس پی و انچارج ڈی ایس پی بھینسہ بی راجیش نے میڈیا کو بتایا کہ بھینسہ شہر اور ڈیویژن میں گنیش تہوار کے پیش نظر محکمہ پولیس کافی متحرک انداز میں خدمات انجام دے رہی ہے اور شہر میں امن و امان کی برقراری کیلئے پولیس کے ضلعی اور ریاستی اعلی عہدیداران نظر مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ شہر میں 9 روز گنیش اتسو کیلئے پولیس کے سینکڑوں جوانوں اور ڈیویژن کے تمام سب انسپکٹران کو بندوبست میں متحرک کردیا گیا ہے اور پولیس 10 سیکٹرس بناتے ہوئے دو زون تشکیل دئے گئے ہیں جس میں 5 سے 8 پولیس ملازمین کو مقرر کیا گیا ہے اور شہر کے حساس مقامات ، مذہبی مقامات اور اہم چوراہوں پر ایڈیشنل پولیس پیکٹس کا قیام عمل میں لاتے ہوئے پولیس طلایہ گردی میں شدت پیدا کردی گئی ہے جبکہ گنیش منڈلوں کے بندوبست کیلئے پولیس جوانوں کو متعین کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ پولیس کے اعلی عہدیداران بھی ہر وقت بندوبست کا جائزۃ لینے کیلئے دورہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں حالات پر نظر رکھنے کیلئے سادہ ملبوسات میں خفیہ پولیس ٹیموں کو بھی تشکیل دیا گیا ہے اور ضلع پولیس ہیڈ کوارٹرس سے AR فورس کو طلب کرتے ہوئے متعین رکھا گیا ہے ۔ مسٹر بی راجیش نے شہر کے دونوں طبقوں کی عوام سے اپیل کی ہے کہ کی بھی طرح کی افواہوں پر دھیان ہرگز نہ دیں بلکہ کسی بھی طرح کے فرقہ وارانہ واقعات پر محکمہ پولیس کو اطلاع کرنے کیلئے ٹاون سرکل انسپکٹر کے فون نمبر 9440795021 پر ربط کریں ۔