بلدی انتخابات میں الیکشن کمیشن غیر جانبدار رہے، سی پی آئی سکریٹری وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے بھینسہ میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا ئی ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانے والوں پر نظر رکھیں اور انہیں صورتحال بگاڑنے کا کوئی موقع نہ دیا جائے ۔ امن و امان کی برقراری کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ وینکٹ ریڈی نے دونوں طبقات سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور غیر ضروری افواہوں کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں امن یاترا نکالنے کی تجویز پیش کی تاکہ عوام میں خوف کا ماحول ختم کیا جائے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مذہبی رواداری اور سیکولرازم کو برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بلدی انتخابات میں اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن سے ٹھوس قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد ، عام طور پر رائے دہندوں کو مختلف انداز میں لالچ اور دھمکی دیئے جانے کے واقعات پیش آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنے اختیارات کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے غیر جانبداری کے ساتھ انتخابات منعقد کرنے چاہئے ۔ قانون سب کیلئے یکساں ہو اور ہر کے ساتھ یکساں سلوک الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ سی پی آئی سکریٹری نے ہر بلدی وارڈ میں مبصرین کے تقرر کا مطالبہ کیا ۔