بھینسہ میں خانگی دواخانوں کا احتجاجی بند منایا گیا

   

دو میٹرنٹی ہاسپٹل کو مہربند کرنے کے خلاف برہمی ، مریضوں کو شدید دشواریاں

بھینسہ : گذشتہ روز ضلع نرمل کلکٹر کی ہدایت پر بھینسہ میں محکمہ ریونیو اور محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کاروائی کرتے ہوئے دو خانگی میٹرنیٹی دواخانوں جن میں ساکشی میٹرنیٹی ہاسپٹل اور سری دتّا سائی میٹرنیٹی ہاسپٹل کے آپریشن تھیٹرس کو مہر بند کردیا گیا تھا جہاں زچگی کے دوران آپریشن کرنے کے فیصد میں اضافے کی شکایت اور الزام ہے جس کے خلاف بھینسہ کے تمام خانگی دواخانوں ، لیاب ٹیکنیشنس اور میڈیکل شاپس اسوسی ایشن کی جانب احتجاجاً بند منایا گیا اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے مذکورہ خانگی دواخانوں کے ساتھ انصاف کرنے اور دوبارہ بحال کرنے پر زور دیا گیا۔ بھینسہ میں خانگی دواخانوں ، لیاب ٹیکنیشنس اور میڈیکل شاپس اسوسی ایشن کے احتجاجاً بند کی وجہ عوام بالخصوص مریضوں کو تشخیص اور ادویات کیلئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس بند کے سلسلہ میں بھینسہ نمائندہ سیاست اظہر احمد خان نے ریونیو ڈیویژن آفیسر مسٹر لوکیشور راؤ سے فون پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے عوام اور مریضوں کو پیش آرہی دشواریوں سے واقف کروایا اور ضلع کلکٹر کی جانب سے جدید احکامات کی اجرائی سے متعلق تفصیلات دریافت کی جس پر آر ڈی او لوکیشور راؤ نے بتایا کہ بھینسہ کے خانگی دواخانوں ، میڈیکل شاپس اور لیاب ٹیکنیشنس کے بند کا خود ان کا ذاتی فیصلہ ہے تاحال ضلع کلکٹر کی جانب سے کسی قسم کے کوئی احکامات جاری نہیں کیئے گئے ہیں۔