ایک زخمی، مقدمات درج، تحقیقات جاری، عوام میں تجسس
بھینسہ۔/26 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بھینسہ بلدیہ کے دواراکین میں پٹنہ پرگتی کاموں کو لیکر بحث و تکرار کی وجہ سے ہاتھا پائی ہوئی جس میں ایک رکن بلدیہ حملہ میں شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس دونوں اراکین بلدیہ کی شکایت پر تحقیقات میں مصروف ہے ۔ تفصیلات کے بموجب بھینسہ شہر میں جاری پٹنہ پرگتی( شہر کی ترقی ) کاموں سے متعلق وارڈ نمبر 7 بی جے پی کونسلر بالاجی ستروے کی جانب سے اسپیشل آفیسر اور بلدیہ عہدیدار نریندر سے بات چیت کرتے ہوئے وارڈنمبر 7 اور منسلک وارڈ نمبر 8 میں صاف صفائی اور ترقیاتی کاموں کیلئے نمائندگی کی جس پر وارڈ نمبر 8 آزاد کونسلر وجئے نے ان کے وارڈ کی نمائندگی کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے بلدیہ دفتر احاطہ میں بلدیہ عملہ اور کونسلرس کی موجودگی میں دونوں کے درمیان تلخ کلامی اور بحث و تکرار کے علاوہ ہاتھا پائی ہوئی اسی اثناء میں وارڈ نمبر 8 آزاد کونسلر ٹی وجئے کے حملہ میں وارڈ نمبر 7 بی جے پی کونسلر بالاجی ستروے کے سر پر گہری چوٹ آئی اور وہ زخمی ہوگئے ۔ اس جھگڑے کو بلدیہ عہدیداران اور دیگر کونسلرس نے مداخلت کرتے ہوئے رفع دفع کردیا اور زخمی کونسلر بالاجی ستروے کو بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا جہاں وہ زیر علاج ہیں اور بالاجی ستروے کونسلر کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کروائی گئی۔ بعد ازاں وارڈ نمبر 8 آزاد کونسلر ٹی وجئے نے بھی ایک شکایت بھینسہ پولیس اسٹیشن میں درج کروائی۔ بھینسہ پولیس اس ضمن میں تمام زاویوں سے تحقیقات اور سی سی ٹی وی کیمرو ں کا مشاہدہ کرتے ہوئے مصروف تحقیقات ہے۔ اس واقعہ کی وجہ سے شہر کی عوام میں کافی تجسس اور چرچہ کا موضوع بنا ہوا ہے۔