بھینسہ میں سرقہ کی واردات

   

بھینسہ۔5 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ منڈل کے موضع وانل پاڑ کے ایک مکان میں سرقہ کی واردات پیش آئی۔ رورل سب انسپکٹر پونم چندر نے بتایا کہ موضع وانل پاڑ کا متوطن گندم نارائنا دس دن قبل کسی کام کی غرض سے دوسرے مقام جاتے ہوئے اپنے مکان کو مقفل کیا جبکہ اس کے مکان سے متصل اس کے لڑکوں کا مکان موجود ہے۔ گزشتہ رات گندم نارائنا کے مکان میں نامعلوم سارقین نے قفل شکنی کرتے ہوئے مکان میں موجود الماری سے سرقہ کردیا۔ اس ضمن میں گندم نارائنا کے لڑکے گندم اتم نے اپنے والد کے مکان میں سرقہ کی شکایت درج کروائی جس میں ڈھائی تولہ سونا کا سرقہ بتایا گیا ہے۔ گندم اتم کے مطابق وہ اپنے مکان میں محو خواب ہونے کے بعد یہ سرقہ کی واردات رات میں انجام دی گئی ہے۔ بھینسہ رورل پولیس نے صبح اطلاع پاکر مقام واقعہ پہنچ کر ڈاگ اسکواڈ کی ٹیم کو طلب کرتے ہوئے تمام زاویہ سے تحقیقات کا آغاز کیا۔