شادی کی تقریب میں کھانا کھانے کے بعد باراتیوں کو قئے و دست اور پیٹ درد کی تکلیف
بھینسہ ۔ /19 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر بھینسہ میں گزشتہ رات ایک شادی کی تقریب میں کھانا کھانے کے بعد سمیت غذا سے سینکڑوں افراد شدید متاثر ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب گزشتہ شام شہر کے ڈیسنٹ فنکشن ہال میں بھینسہ کی متوطن دولہن اور پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے دھرم آباد متوطن دولہا کا عقد منعقد تھا ۔ بتایا جارہا ہے کہ عقد طعام کے بعد دعوتیوں کی کثیر تعداد رات تقریباً 11 بجے سے قئے ، دست اور پیٹ میں تکلیف کی وجہ سے کافی متاثر ہوکر سرکاری دواخانہ میں جمع ہونا شروع ہوگئے اور دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً 400 کے قریب افراد بشمول خواتین ، معصوم بچے سمیت غذا کا شکار ہوکر شدید متاثر ہوگئے جبکہ اس واقعہ کی اطلاع شہر میں رات دیر گئے عام ہوتے ہی شہر کے مسلم نوجوانوں اور سماجی کارکنان و سیاسی قائدین کے علاوہ اردو صحافیوں جن میں اعجاز احمد خان ، محمد کلیم الدین خالد ، سید جاوید کے علاوہ مقامی صدر صفا بیت المال حافظ منیرالدین ، محمد اطہر الدین ، سید آصف ، وکیل احمد کونسلر ، سید مخدوم علی ، شیر خان ، محمد عامر آرکیٹکچر ، ساجد لکی ، پرویز ایم کے آر ، عبدالواحد کے علاوہ دیگر سرکاری دواخانہ پہنچکر مختلف ڈاکٹرس کو اطلاع دیتے ہوئے کیا جس پر سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشی ناتھ ، ڈاکٹر سریندر ، ڈاکٹر انیل کمار ، ڈاکٹر وجئے آنند ، ڈاکٹر پدماوتی بھوسلے ، ڈاکٹر متین اللہ ، ڈاکٹر کاظم ببلو ، ڈاکٹر سید عظیم ، عبدالسلیم رورل ایچ ای او ، کلیم الدین ایچ ای او ، کے علاوہ سید شاکر ، صابر احمد ، شیخ کریم ، گنگا دھر ، کروناکر سرکاری دواخانہ پہنچکر تمام متاثرین کو طبی امداد دیتے ہوئے تشخیص میں متحرک ہوگئے اور مذکورہ مسلم نوجوان افراد بھی اپنی خدمات کو بخوبی انجام دیتے ہوئے ڈاکٹرس اور عملہ کا مکمل تعاون کرتے ہوئے قابل ستائش اقدامات انجام دیئے لیکن متاثرین کی تعداد کافی زیادہ ہونے کی وجہ سے سرکاری دواخانہ بھینسہ میں متاثرین کو بستروں اور دیگر انتظامات کے علاوہ سہولیات میں کافی دشواریاں پیش آئی اور گلوکوز کے علاوہ مختلف ادویات کو رات دیر گئے مستقر مدہول اور مستقر باسر کے سرکاری دواخانوں سے بذریعہ ایمبولینس لایا گیا ۔ جبکہ شہر کی شعیب میڈیکل کے مالک محمد نعیم اختر نے رات دیر گئے ہنگامی حالات کو دیکھتے ہوئے مفت ادویات تقسیم کی اور مذکورہ ڈاکٹرس مذکورہ مسلم نوجوانوں نے صبح کی اولین ساعتوں تک متاثرین پر نظر رکھتے ہوئے مکمل ادویات فراہم کرتے ہوئے تشخیص کی ۔ بتایا گیا ہے کہ مستقر بھینسہ کے علاوہ دیگر مقامات نرمل اور دھرما باد کے خانگی دواخانوں میں دعوتی متاثر ہوکر زیرعلاج ہونے کی اطلاع ہے ۔ اس واقعہ میں کسی بھی قسم کا کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا لیکن عوام میں زبردست تجسس کا ماحول دیکھا گیا اور آخر میں صبح کی اولین ساعتوں میں اس ہنگامی حالات کو ڈاکٹرس اور مسلم نوجوانوں کی محنت سے قابو کرلیا گیا ۔ بعد ازاں گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشی ناتھ نے اس واقعہ کی سمت غذا کا سبب قرار دیا اور کہا کہ متاثرین کو تمام تر سہولیات کیساتھ مکمل علاج کیا جارہا ہے ۔ اس واقعہ کی اطلاع اعجاز احمد خان ٹی آر ایس قائد نے رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کو دی جس پر رکن اسمبلی بی وٹھل نے ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کو بہتر انداز میں تشخیص کرنے کی ہدایت دی ۔