بھینسہ میں شوبھایاترا کا پرامن اختتام پولیس کے سخت بندوبست کے باوجود جلوس میں ڈی جے ساؤنڈ کا استعمال

   

بھینسہ30/ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سری رام نومی شوبھا یاترا جلوس کا بھینسہ میں پْرامن انعقاد عمل میں آیا جو ہندو واہنی تنظیم کی جانب سے نکالی گئی جس کی اجازت تلنگانہ ہائی کورٹ سے لی گئی تھی شوبھا یاترا جلوس کا آغاز شہر کے پْرانا بازار علاقہ میں واقع گاؤشالہ سے عمل میں آیا جہاں بی جے پی قائدین ڈاکٹر رما دیوی ، پی راما راؤ پٹیل ، بی موہن راؤ پٹیل ، بی گنگادھر ، دتو ، بی جے پی اراکین بلدیہ کے علاوہ کانگریس قائد آنند راؤ پٹیل دیگر میں ڈاکٹر راما کرشنا گوڑ اور بھینسہ اے ایس پی کانتی لال پاٹل و دیگر سیاسی قائدین نے پوچا کی بعدازاں شوبھا یاترا جلوس شہر کے پْرانا بازار ، بھٹی گلی ، ہنومان مندر ، کوبیر شاہراہ ، سونا چاندی مارکیٹ ایریا ، مولانا آذاد چوک ، گاندھی گنج ، ٹیپوسلطان چوک ، بس اسٹانڈ ، نرمل سہہ راہا ، اے پی نگر کالونی سے رام لیلہ میدان میں اختتام پذیر ہوئی جلوس میں اکثریتی طبقے کے ہزاروں افراد ہاتھوں میں زعفرانی پرچم تھامے ڈی جے ساؤنڈ کے گیتوں پر رقص کرتے دیکھے گئے جبکہ شہر کو زعفرانی پرچموں سے سجادیا گیا تھا شوبھایاترا کے پیش نظر پولیس کی جانب سے ضلع نرمل ایس پی سی ایچ پراوین کمار آئی پی ایس کی راست نگرانی میں سخت بندوبست کرتے ہوئے دو ایڈیشنل ایس پیز ، دس سرکل انسپکٹران ، بیس سب انسپکٹران اور تقریبا ایک سو تیس پولیس جوانوں کو متعین کیا گیا تھا علاوہ ازیں شوبھایاترا جلوس کے ہمراہ وجرا گاڑی اور پولیس کی ویڈیو گرافی ٹیمیں بھی موجود تھیں جبکہ جلوس گذرنے والے راستوں پر موجود تجارتی و کاروباری اداروں کو پولیس نے احتیاطاً بند کروادیا اور مولانا آزاد کے علاوہ ٹیپوسلطان کے تصاویر کو بھی کپڑوں سے ڈھانک دیا گیا تھا پولیس کی جانب سے شوبھایاترا جلوس کا مشاہدہ سی سی ٹی وی کنٹرول روم کے ذریعہ کرتے ہوئے شہر کے حالات پر کڑی نظر مرکوز کی گئی تھی۔