بھینسہ میں عجیب الخلقت بچہ تولد

   

بھینسہ۔/13 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہر دور میں اللہ تعالیٰ اپنے معجزوں کے ذریعہ اپنی وحدانیت کو ظاہر کرتے ہوئے اشرف المخلوقات کو راہ راست پر چلنے اور نیک اعمال کی جانب راغب کرنے کیلئے کرشمہ دکھاتا ہے۔ اسی طرح کا ایک واقعہ بھینسہ شہر میں ایک نومولود کے تولد کے ذریعہ منظر عام پر آیا۔ تفصیلات کے بموجب بھینسہ شہر کے ایک خانگی دواخانہ میں ایک مسلم خاتون کو عجیب الخلقت بچہ تولد ہوا۔ ڈاکٹر کے مطابق اس طرح کے انوکھے بچے کئی لاکھوں میں ایک ہوتے ہیں جن کی پیدائش تک ڈاکٹروں کو بھی ان کے عجیب و غریب ہونے کا اندازہ نہیں ہوتا اور اس نومولود کو چھونے پر اس کے جسم کا چمڑا ( جلد ) علحدہ ہوجاتا ہے۔ ایسے نومولود کا زندہ رہنا بالکل ناممکن ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق یہ زچگی آپریشن کے ذریعہ کی گئی اور یہ اس خاتون کی پہلی زچگی ہے۔ بھینسہ میں اس طرح کے عجیب الخلقت نومولود تولد ہونے پر خانگی دواخانہ پر عوام کا اژدھام جمع ہونا شروع ہوگیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات خانگی دواخانہ پر عوام کا اژدھام نومولود کو دیکھنے کیلئے جمع ہونے پر پولیس بندوبست کیا گیا تھا۔