بھینسہ میں فرقہ وارانہ تشدد ‘ ذوالفقار مسجد پر شدید سنگباری

,

   

موٹر سیکل تصادم کا معمولی واقعہ فرقہ وارانہ تشدد میں تبدیل o چھ افراد شدید زخمی ‘ ایک کی حالت نازک
مسلمانوں کی املاک کو چن چن کر نذرآتش کیا گیا o حالات انتہائی کشیدہ ‘ پولیس کی بھاری جمعیت تعینات

بھینسہ۔ تلنگانہ کے حساس علاقہ بھینسہ شہر میں فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑا ۔جس کے بعد محلہ ذوالفقار میں بڑے پیمانے پر سنگباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس میں ذوالفقار مسجد کونشانہ بناتے ہوئے نقصان پہنچایاگیا ۔اس کے علاوہ اس علاقہ میں مکان ،موٹرسیکل اور دیگر اشیاء کو نذرآتش کردیا گیا ۔ سنگباری میں6 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔ سنگباری میں پولیس کو نشانہ بنایاگیا اور حالات کو دیکھتے ہوئے دیگرمقامات کی پولیس کو بھاری تعدادمیں طلب کرتے ہوئے تعینات کیا جارہاہے ۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں طبقوں کے بچوں کے درمیان موٹرسیکلوں کے تصادم کا معمولی واقعہ پیش آیا اور ا س معمولی واقعہ کو لیکر شرپسندوں نے فرقہ وارانہ رنگ دے دیا تشدد بپا کرتے ہوئے مسلم علاقہ ذوالفقار اور ذوالفقا رمسجد پر شدید سنگباری کی گئی جس میں6 افراد زخمی ہوگئے ان میںایک صحافی اور ایک سب انسپکٹر غوث بھی شامل ہیں ۔اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی بھینسہ شہر میںافواہوںکا بازارگرم ہوگیا ۔دوکانات بند ہوگئے ۔اور دیکھتے ہی دیکھتے حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ۔جبکہ متاثرہ محلہ ذوالفقار میںموجوود مسلم خاندان کے خواتین اور معصوم بچوںکومقامی قائدین اور اراکین بلدیہ نے محفوظ علاقہ میں منتقل کیا ۔اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی ایڈیشنل ایس پی رام ریڈی نے فوری پولیس جمعیت کے ہمراہ بھنیسہ پہنچ گئے اس کے علاوہ انچارج ایس پی نرمل وشنو وایر یر بھی پولیس جمیعت کے ہمراہ بھینسہ پہنچے ۔ افواہوں سے سرحدی علاقہ کی عوام میںخوف ودہشت کاماحول پیداہوگیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ اس تشدد میں مکانات ،آٹورکشہ،موٹرسیکلیں اور دیگر اشیاء کو نذرآتش کیا گیاا ورنقصان پہنچایا گیا ۔جبکہ مقام حادثہ پر فائر بریگیڈ عملہ کو طلب کرلیا گیا۔ زخمیوں کو نظام آباد منتقل کردیا گیا ۔ رات دیر گئے تک بھی سنگباری کا سلسلہ جاری رہا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نائب صدرنشین بلدیہ بھینسہ محمد جابراحمد نے پولیس اسٹیشن پہنچکر تمام حالات سے واقف کروایا اور پولیس کے اعلی حکام سے ربط پید اکرتے ہوئے حالات پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن بلدیہ فیض اللہ خان کے علاوہ دیگر موجودتھے۔رات دیرگئے موصلہ اطلاع کے مطابق بھینسہ کے نالصاب علاقہ میں ایک اور مکان کو نذر آتش کرنے کی اطلاعات ہیں۔