بھینسہ ۔ 28 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں محکمہ اوزون و پیمائش (لیگل میٹرولوجی) کی ٹیم نے اچانک دورہ کرتے ہوئے شہر میں ترازو مرمت و درستگی کرنے والے دوکانوں پر دھاوے کرتے ہوئے تنقیح کی ۔ اس ٹیم میں محکمہ اوزون و پیمائش ریجنل ورنگل ڈپٹی کنٹرولر ایس راجیشور ، اسسٹنٹ کنٹرولر کریم نگر وجیہ سارادھی، ڈی آئی عادل آباد ایم اے جلیل ، انسپکٹر پدا پلی وشویشور اور انسپکٹر نرمل انچارج محمد عزیز پاشاہ و دیگر عہدیداران موجود تھے ۔ اس موقع پر ورنگل ریجنل ڈپٹی کنٹرولر ایس راجیشور نے میڈیا کو بتایا کہ الیکٹرانک ترازو فروخت کرنے والے اور درستگی کے علاوہ تیار کرنے والے دکانداروں کو محکمہ اوزون و پیمائش کی جانب سے لائسنس حاصل کرنا بے حد ضروری ہے ۔ بھینسہ میں عدم لائسنس کے باوجود الیکٹرانک ترازو کی درستگی اور فروختگی کرنے کی اطلاع موصول ہونے پر دورہ کیا گیا اور بھینسہ میں مختلف دکانوں جہاں پر الیکٹرانک ترازو کی درستگی ہوتی ہے ، تنقیح کی گئی اور جن دکانوں سے الیکٹرانک ترازووں کو درستگی کیلئے دیا گیا ، ان دکانوں کا بھی معائنہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آج بھینسہ میں الیکٹرانک ترازو درست کرنے والے چار دکانوں پر لائسنس کی عدم موجودگی کی وجہ سے کیس کرتے ہوئے الیکٹرانک ترازوؤں کو ضبط کرلیا گیا اور الیکٹرانک ترازو درست تیار اور فروخت کرنے والے دکانداروں کو لائسنس حاصل کرنے کیلئے انتباہ دیا گیا ، بغیر لائسنس پر آئندہ سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔