بھینسہ میں مشتبہ حالت میں نعش دستیاب

   

بھینسہ ۔ /12 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے بس اسٹانڈ پر صبح کے اوقات میں ایک مسلم نوجوان کی نعش مشتبہ حالت میں پائی گئی جسے مقامی افراد نے بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی ۔ تفصیلات کے بموجب شہر کے کنٹہ ایریا میں گزشتہ چار سال سے مقیم 25 سالہ محمد حبیب خان ولد سمن خان جو پیشہ سے ایک مزدور ہے اور پارڈی بی کا متوطن تھا ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز آر سی سی کے کام پر مزدوری کیلئے نرمل گیا تھا اور گزشتہ رات بذریعہ بس بھینسہ واپس لوٹا اور رات میں بس اسٹانڈ پر بیٹھ گیا جو صبح کے اوقات میں مردہ پایا گیا ۔ متوفی محمد حبیب خان کی موت سردی کی شدت کی وجہ سے قلب پر حملہ کے باعث ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے لیکن نعش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ۔ موت کی وجہ سے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے ذریعہ ہی منظر عام پر آئے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ متوفی نوجوان کچھ روز سے کسی وجہ سے دلبرداشتہ اور مایوسی کے عالم میں تھا ۔ بھینسہ پولیس اس ضمن میں تحقیقات کررہی ہے اور ایک کیس مقدمہ درج کیا ۔