بھینسہ میں ٹریکٹر اُلٹ جانے کی وجہ سے زرعی مزدور ہلاک

   

بھینسہ۔/11 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ڈیویژن کے موضع مالیگاؤں کے قریب پل پر ایک کپاس سے بھرا ٹریکٹر اُلٹ جانے کی وجہ سے ایک زرعی مزدور برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ کوبیر سب انسپکٹر پردیپ نے بتایا کہ گزشتہ رات ایک ٹریکٹر کے ذریعہ سدرشن ریڈی نامی شخص کی کپاس ایک ٹریکٹر کے ذریعہ بھینسہ لائی جارہی تھی اور اس کپاس کے ہمراہ اس کا زرعی ملازم دیوکر مارینا عمر 48 سال موجود تھا جو موضع سوناری کا متوطن تھا۔ ٹریکٹر موضع مالیگاؤں کے قریب ایک موڑ پر پل پر بے قابو ہوکر اُلٹ گیا جس کی وجہ سے 48 سالہ زرعی مزدور دیوکر مارینا برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ ٹریکٹر ڈرائیور نے راہ فرار اختیار کرلی۔ نعش کا پوسٹ مارٹم بھینسہ سرکاری دواخانہ میں کیا گیا اور بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثا کے حوالے کرتے ہوئے ایک کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔