بھینسہ میں ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم کلکٹر مشرف علی فاروقی کا پیدل دورہ

   

بھینسہ : ریاستی سطح پرکوویڈ ویکسینشن کیلئے چلائی جارہی گھر گھر خصوصی مہم سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے ضلع نرمل کلکٹر مشرف علی فاروقی نے بھینسہ شہر کا اچانک ہنگامی دورہ کیا۔انکے ہمراہ ایڈیشنل کلکٹرس رام بابو ، ہیمنت بورکڈے ، ضلع نرمل ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر دھنراج ، بھینسہ ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر آشیش ریڈی ، تحصیلداروشمبر، ایم پی ڈی او گنگادھر ، ایم پی او محمد معظم حْسین ، اربن ایچ ای او کلیم الدین ، ڈاکٹر متین اللہ و دیگر موجود تھے ضلع کلکٹر نے شہر کے گورنمنٹ جونیر کالج علاقہ اور ذین العابدین گلی میں پیدل دورہ کرتے ہوئے مکینوں سے کوویڈ ویکسنیشن سے متعلق تفصیلات دریافت کی بعدازاں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نرمل کے جن مقامات پرویکسنیشن کا عمل کافی کم ہے ان مقامات کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیا جارہا ہے تاحال بھینسہ میں صرف 68 فیصدویکسنیشن کا ہی عمل ہوا ہے جسے صد فیصد بنانے کے لیے تمام 18 سال عمر مکمل کرنے والے شہری حکومت کا تعاون کرتے ہوئے خود کو کورونا کی تیسری لہر کے علاوہ دیگر خطرناک کوویڈ وائرس سے محفوظ رہنے اور اپنے جسم کو کورونا وائرس یا دیگر کسی بھی خطرناک کوویڈ وائرس سے مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے ویکسنیشن لیں ۔