بھینسہ 22/جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ کانگریس قائدین جن میں آنند راؤ پٹیل ، احمد محی الدین سابقہ کونسلر ، احمد خان حولدار ، ٹاؤن صدر بھومنا ، امجد شیخ این ایس یو آئی ضلعی قائد ، پرشانت ، سائی ناتھ پٹیل اور دیگر کی کثیر تعداد نے کانگریس ریاستی صدر ریونت ریڈی کی ہدایت پر بی آر ایس کی ریاستی حکومت کے تحت منائے جارہے تلنگانہ دشابدی اتسو کے نام پر عوام کے کروڑوں روپئے ضائع کرنے کا بی آر ایس پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے اس کے خلاف زبردست احتجاج منظم کرتے ہوئے تلنگانہ دشابدی اتسو کے نام پر کانگریس پارٹی دفتر سے ایک ریالی نکالکر بس اسٹانڈ علاقہ پہنچکر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمہ کو اس ضمن میں تحریری یادداشت پیش کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا بعدازاں یہ ریالی بھینسہ آر ڈی او دفتر پہنچکر عہدیدار کو اس ضمن میں تحریری یادداشت پیش کی ۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی تعلقہ انچارج آنند راؤ پٹیل نے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کے ہزاروں کروڑوں کا پیسہ ضائع کر رہی ہے انہوں نے تلنگانہ دشابدی اتسو پروگرام پر خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس پارٹی انتخابی مہم براہ راست کی بجائے بلاواسطہ چلا رہی ہے اور کہا کہ ریاست کے کئی تعلیمی اداروں میں طلباء ناقص ، نا مکمل اور غیر معیاری سہولیات کی وجہ سے بہت سی مشکلات سے دو چار ہورہے ہیں۔