بھینسہ۔/10 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر اور اطراف واکناف میں اکثریتی طبقے کے رنگوں کا تہوار ہولی بہت ہی جوش و خروش کے ساتھ پُرامن طریقہ سے منایا گیا۔ ہولی تہوار کے پیش نظر شہر میں پولیس کی جانب سے سخت بندوبست کرتے ہوئے مذہبی مقامات ، حساس علاقوں ، اہم چوراہوں پر پولیس جوانوں کو متعین کرتے ہوئے پولیس طلایہ گردی شدت کے ساتھ جاری تھی۔ سابق رکن اسمبلی نارائن راؤ پٹیل کی قیامگاہ کملاکاٹن فیکٹری میں مختلف افراد اور ان کے بہی خواہوں نے پہنچ کر مبارکباد دیتے ہوئے رنگ لگایا جبکہ کانگریس ضلعی صدر پوار راما راؤ پٹیل کی قیامگاہ ایس ایس کاٹن فیکٹری میں کانگریس قائدین سائیلومیسیکر، گنگادھر، فیروز خان شہران و دیگر نے پہنچ کر مبارکباد دی۔ رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کی قیامگاہ پر ٹی آر ایس قائدین نے پہنچ کر رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کو ہولی کی مبارکباد پیش کی۔